سی پیک کے تحت بجلی کے 5 منصوبے تاخیر کا شکار

سی پیک کے تحت بجلی کے 5 منصوبے تاخیر کا شکار

اسلام آباد: پاک چین تعلقات کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت لگائے جانے والے تقریباً 3 ہزار 600 میگاواٹ کے 5 پاور پراجیکٹس کے تجارتی آپریشن کی تاریخوں (سی او ڈیز) میں توسیع کے لیے ایک ماہ کے اندر یکساں پالیسی فریم ورک کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں پاور ڈویژن کو یہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ یکم ستمبر سے مٹیاری سے لاہور تک 660کے وی کے ٹرانسمیشن لائن کو آپریشنل کرنے کے لیے مناسب بجلی کی دستیابی کو یقینی بنائے۔

کمیٹی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو منصوبے کے ٹیسٹنگ کے مرحلے کے دوران ٹیرف کو حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت دی۔

سی پیک کے تحت متعدد منصوبے جن میں پاور سیکٹر بھی شامل ہے، اس وقت مختلف وجوہات کی وجہ سے تاخیر کا سامنا کر رہے ہیں جن میں جاری وبائی مرض اور اضافی بجلی کی پیداواری گنجائش شامل ہے۔

حال ہی میں بنائی گئی اسٹیئرنگ کمیٹی جس کی زیادہ تر نمئاندگی وفاقی سیکرٹریز اور سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین ملٹری اور انٹیلی جنس ایجنسیاں کرتی ہیں، کے دوسرے اجلاس کے بعد ایک بیان میں کہا گیا کہ اجلاس میں ‘سی پیک کے تحت جاری منصوبوں اور ان کے سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل’ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے ‘کووڈ 19 کی وجہ سے تاخیر کا سامنا کرنے والے سی پیک توانائی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کمیٹی نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ وہ پاور پراجیکٹس کی سی او ڈی توسیع کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ایک پالیسی تشکیل دے’۔

کہا گیا کہ ‘جن منصوبوں میں توسیع کی ضرورت ہے ان کی مجموعی پیداواری صلاحیت 3 ہزار 584 میگاواٹ ہے۔

ڈان نیوز

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

%d bloggers like this: