میسی اور بارسلونا کلب کے راستے جدا

میسی اور بارسلونا کلب کے راستے جدا

ہسپانوی فٹ بال کلب ایف سی بارسلونا نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ ارجنٹائن کے سٹار فٹ بالر لیونل میسی نئے معاہدے میں ناکامی کے بعد بارسلونا کے ساتھ اپنے 20 سالہ کیریئر کا اختتام کردیں گے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کلب کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا: ’اگرچہ ایف سی بارسلونا اور لیونل میسی کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا تھا لیکن اسے معاشی اور ساختی رکاوٹوں کی وجہ سے حتمی شکل نہیں دی جاسکتی۔ ‘

مزید کہا گیا: ’اس صورت حال میں لیونل میسی بارسلونا سے منسلک نہیں رہیں گے۔ دونوں فریقوں کو دل کی گہرائیوں سے افسوس ہے کہ کھلاڑی اور کلب دونوں کی خواہشات پوری نہیں ہو سکتیں۔‘

اس اعلان کے بعد طویل عرصے سے چلنے والی اس کہانی میں ایک نئی تبدیلی کی نشاندہی ہوئی ہے، کیونکہ بارسلونا کلب لیونل میسی کو اپنے ساتھ رکھنے پر مصر تھا، جنہیں اب تک کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

چھ بار ’بیلن ڈی اور‘ کے فاتح لیونل میسی نے گذشتہ برس اگست میں ایک آزاد ایجنٹ کے طور پر کلب چھوڑنے کی کوشش کی تھی لیکن توقع یہ تھی کہ وہ بارسلونا کے ساتھ مزید پانچ سال یعنی 2026 تک منسلک رہیں گے، جب وہ 39 برس کے ہوجائیں گے۔

34 سالہ میسی نے 2000 میں 13 سال کی عمر میں بارسلونا کی یوتھ اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی تھی اور 2004 میں 17 سال کی عمر سے کلب کی جانب سے پہلا میچ کھیلا تھا۔ وہ اب تک بارسلونا کے لیے ریکارڈ 634 گول سکور کر چکے ہیں۔

تاہم 30 جون سے پرانا معاہدہ ختم ہونے کے بعد وہ ایک آزاد ایجنٹ کے طور پر کلب سے منسلک تھے۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

%d bloggers like this: